کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ کورونا وائر س کی پہلی لہر کے دوران بھی الخدمت کے رضاکاروں نے جان کی پرو ا کیے بغیر شہریوں کی بے مثال خدمت کی، اب بھی لوگوں کی مدد کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث پیداہونے والی صورتحال اورالخدمت کراچی کی طبی خدمات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کورونا ٹیسٹ،ڈس انفیکشن اسپرے،ڈینگی اسپرے،اکسیجن سلنڈرز کی دستیا بی سمیت دیگر سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ صاحب ثروت افراد سے بھی اپیل کی کہ الخدمت کے تحت کوروناوائر س کا ٹیسٹ جو صرف3000روپے کیا جارہا ہے اس کا تسلسل برقراررکھنے اور آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی کیلئے الخدمت کے ساتھ بھرپور مالی تعاون کریں۔
انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہا ہے،صورتحال اطمینان بخش نہیں،لوگوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اوراحتیاط کر نی چاہیے،الخدمت کے رضاکار کورونا وائر س کی دوسری لہر کے پیش نظر اپنی سرگرمیاں تیز کر دیں اور لوگوں کی مدد کریں۔
امیر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ شدید متاثر ہوئے اوران کے کاروبا رتباہ ہوئے،الخدمت نے سرکاری ونجی اسپتالوں کو ڈاکٹرزو عملے کے لیے طبی حفاظتی لباس( PPE’s)کٹس فراہم کیں۔