حیدرآباد ،مہنگائی کیخلاف انتظامیہ کی نمائشی کارروائیاں جاری

26

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی عروج پر پہنچ گئی، انتظامیہ محض نمائشی کارروائیوں اور بیانات کے ذریعے عوام اور حکومت کو بے وقوف بنانے میں مصروف۔ ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر اور ان کے اسسٹنٹ کمشنرز شہر، لطیف آباد اور قاسم آباد میں مہنگائی کے جن کو نامعلوم وجوہات کی بناء پر طویل عرصے سے قابو کرنے میں قطعی ناکام ہیں، تینوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ ایک آدھ دودھ کی ڈیری اور دیگر دکانوں پر نمائشی کارروائی کرکے جرمانے عائد کرنے کے بعد یہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے اپنا فرض پورا کردیا جبکہ دودھ آج بھی 110 سے 120 روپے کلو تک فروخت ہورہا ہے اور آٹا سرکاری نرخ کے بجائے دہی 70 روپے کلو تک فروخت ہورہا ہے۔ آٹا چکی والے حکومت سندھ کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے اپنی مرضی کے نرخوں پر آٹا فروخت کررہے ہیں، سبزیوں اور فروٹ کا معاملہ بھی جوں کا توں ہے، انڈا تاریخ کے بلند ترین نرخ پر فارمی انڈا 17 روپے جبکہ دیسی انڈا 30 سے 32 روپے فی عدد فروخت ہورہا ہے، مرغی کی قیمت ڈپٹی کمشنر اور ان کے اسسٹنٹ محض فوٹو سیشن میں لگے ہوئے ہیں اور عوام منافع خوروں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا، ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام ہے۔ شہریوں نے وزیر اعظم سمیت وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ حیدر آباد میں ایسے ضلعی افسران کا تقرر کیا جائے جو کہ غریب عوام کو خود ساختہ مہنگائی سے نجات دلائیں اور منافع خوروں کیخلاف کارروائی کریں۔