کورونا وائرس کی دوسری لہر انتہائی شدید ہے، یونس جمال

44

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ملک انجمن یوتھ ویلفیئر کے صدر و سماجی رہنما ملک یونس جمال نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر انتہائی شدید ہے، حیدر آباد شہر اس سے بری طرح متاثر ہوا ہے، ملک بھر میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کی شرح حیدر آباد میں بتائی جارہی ہے جبکہ حیدر آباد میں کورونا وائرس جس تیزی سے بڑھ رہا ہے اگر اس کے پیش نظر شہریوں نے احتیاط نہ کی تو قیمتی جانی نقصان کے خدشات ہیں کیونکہ یہ موذی وائرس ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتا ہے اور یہ جان لیوا وائرس ہے، اس سے بچنے کا واحد طریقہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے، حکومت کی جانب سے بھی بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں لیکن اس کے لیے شہریوں کو بھی بھرپور تعاون کرنا ہوگا تاکہ اس وائرس سے بچا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن یوتھ ویلفیئر کے دفتر میں انجمن کی کابینہ کے ارکان اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے نہ صرف ہمیں بلکہ دوسرے لوگوں کو بھی خطرات لاحق ہیں اگر ہم احتیاط نہ کریں تو یہ وائرس مزید تیزی سے پھیل سکتا ہے، جس سے قیمتی جانوں کے ضائع ہونے کا خدشہ ہے اور اب جبکہ موسم سرما میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت کے ساتھ آئی ہے تو اس سے بچنے کے لیے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوںگی اور حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے فیس ماسک استعمال کیا جائے۔