حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ اگرعبادت کے فضائل کا مطالعہ کریں گے تو دل میں عبادت کا شوق پیدا ہوگا، عبادت کی طرف مائل ہونے اور اس کا شوق دل میں پیدا کرنے کے لیے اچھی صحبت اختیار کرنا بے حد مفید ہے اگر برے لوگوں کی صحبت اختیار کریں تو اس سے دل میں غفلت پیدا ہوگی جبکہ علماء کرام کی صحبت میں رہیں گے تو علم دین کا خزانہ ہاتھ آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیضان مدینہ کراچی میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بندے کو چاہیے کہ ہمہ وقت کلمہ طیبہ پڑھتا رہے اگر کلمہ پڑھنے کی عادت ہوگی تو موت کے وقت بھی ہماری زبان سے کلمے کا ورد جاری رہے گا۔ موت کے وقت کلمہ یاد آنا اور اس کا منہ سے نکلنا یہ سب رب کے کرم اور اس کے محبوبﷺ کی عطا سے ہی ہوگا۔ لہٰذا جب بھی تکلیف پہنچے تو کلمہ شریف پڑھنے کی عادت بنالیں۔ انہوں نے نصیحت سے متعلق بیان کرتے ہوئے کہا کہ نصیحت کرنے والے کو چاہیے کہ وہ نصیحت سب کے سامنے نہ کرے بلکہ نرمی کے ساتھ علیحدگی میں نصیحت کرے، سب کے سامنے نصیحت کرنے سے سامنے والا ضد پر بھی اتر سکتا ہے، جس سے مزید بگاڑ پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، ہمارے معاشرے میں سب کے سامنے لوگوں کو بے عزت کردیا جاتا ہے، عزت اچھا لنا یہ اچھا نہیں بلکہ مسلمان کو چاہیے کہ وہ عزتوں کو بچائے، عیب چھپانے کی سوچ نہیں ہے، کسی کا عیب معلوم ہوجائے تو اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا جاتا ہے اور وہ شخص منہ دکھانے کے قابل نہیں رہتا۔ ایسا نہیں کرنا چاہیے اگر کسی کی اعلانیہ بے عزتی کی ہے تو اس سے اعلانیہ معافی مانگنی ہوگی اور اپنی غلطی کا اعتراف بھی کرنا ہوگا۔