افسران کو جدید طرز کی تربیت دی جارہی ہے، چیئر مین نیب

54

اسلام آباد (آن لائن) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ افسران کو جدید طرز کی تربیت دی جارہی ہے، اینٹی کرپشن اکیڈمی کے قیام سے افسران و پراسیکیوٹرز کے معیار میں بہتری آئے گی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلی ادارہ ہے جسے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے پرعزم اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پلان 2020ء پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ٹریننگ پلان پر کامیابی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے یہ بھی اتنا اہم ہے کہ ٹرینرز بھی باصلاحیت ہوں اور وہ یہ ذمے داری نبھانے کی استعداد کار رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے معیار کو یقینی بنانے کے لیے اکائونٹس کے معاملات، جنرل فنانشل رولز، ایف آر، ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیہ سے متعلق تمام انویسٹی گیشن افسران کے لیے معیاری ریفریشر کورسز اور کیپسٹی بلڈنگ کورسز وضع کیے ہیں۔