اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے نایاب عمرانی کی جائیداد کی تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر جائیداد کی تقسیم کے معاملے پر عدالت کی معاونت کے لیے ایڈووکیٹ شیر افضل کو عدالتی معاون مقرر کرکے ان سے 2 ہفتوں میں قانونی معاونت طلب کرتے ہوئے نایاب عمرانی کی زمین سے حاصل شدہ فصل کو فروخت کر کے تمام حصہ داروں میں ان کا حصہ تقسیم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ معاملے کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ اس موقع پر نصیر آباد، جعفر آباد اور صحبت پور کے ڈپٹی کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے عدالت
میں پیش ہوئے اور اپنی رپورٹس بھی جمع کرائیں۔ دوران سماعت درخواست گزار نایاب عمرانی نے ڈی سی جعفر آباد کی رپورٹ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ اس رپورٹ میں ڈی سی صاحب نے غلط لکھا ہے کہ میں زمین پر قابض ہوں۔جس پرجسٹس عمر عطا بندیال نے انہیں اپنے اعتراضات تحریری طور پر عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی ہے۔