والد نے ملتان جلسے میں شرکت کی ہدایت کردی ، مریم نواز

76

 

لاہور(خبر ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پارٹی قائد کی ہدایت پر ملتان جلسے میں شرکت کرو ں گی، والد صاحب نے کہاکہ ذاتی غم ورنج بھلا کر عوامی جلسے میں شرکت کریں، پی ڈی ایم کی تحریک قومی جدوجہد ہے، ہم پسپائی اختیار نہیں کریں گے،میڈیا اور عدلیہ کوبھی مؤثرکردار ادا کرنا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز سے سینئر صحافیوں نے ملاقات کی جس میں صحافیوں نے
ان کی دادی کے انتقال پر تعزیت کی اور سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ مریم نواز نے کہا کہ والد صاحب نے کہاکہ ذاتی غم ورنج بھلا کر عوامی جلسے میں شرکت کریں، ذاتی دکھ غم کو گھر رکھ کر جائیں، کیونکہ ذاتی دکھ اور غم اپنی جگہ ہے لیکن پی ڈی ایم کی جدوجہدقومی جدوجہد ہے، ہم پسپائی اختیار نہیں کریں، ہم نے اس قومی جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پر کسی کی نظر نہ پڑتی اگر شہباز شریف اپنے بھائی کو دھوکا دے دیتے۔ شہباز شریف نے اپنے بھائی کے لیے بہت کچھ قربان کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔شہباز شریف اورحمزہ شہباز نوازشریف سے وفاداری کی وجہ سے قید کاٹ رہے ہیں۔ میری دادی آخری وقت تک کہتی رہیں کہ شہباز شریف نواز شریف کا ساتھ دو۔دادی سے آخری بار جب بات ہوئی تو وہ پوچھ رہی تھیں کہ کیا تم جیل سے باہرآگئی ہو۔ انہوں نے کہا جس طرح ملک کے حالات ہوچکے ہیں اس میں حکومت کا جانا بنتا ہے، میرا تجزیہ ہے حالات بہت خراب ہیں، حکومت مزید نہیں چل سکتی۔گیس کا بحران آنے والا ہے، بجلی کے بل ایک ایک لاکھ آرہے ہیں، آج حکومت اسرائیل کی بات کررہی ہے، کشمیر کا مقدمہ آپ ہار چکے ہیں، اب ججز بھی بول رہے ہیں وہ بھی حکومت سے تنگ ہیں، اب تو لوگ عمران کو اس قابل نہیں سمجھتے کہ انہیں بلیم کریں بلکہ وہ ان کے بڑوں کو الزام دیتے ہیں، عمران خان نے اپنے سلیکٹرز کی مٹی پلید کردی ہے۔لیگی رہنما نے بتایا کہ جب میں جیل بھی تھی تو مجھے چوہوں کا بچا ہوا کھانا کھلایا جاتا تھا، مجھے تھرائیڈ کا مسئلہ تھا جہاں مجھے ادویات بھی صحیح نہیں دی جاتی تھیں، میں جیل میں فنگس زدہ ادویات کھانے پر مجبور تھی، نوازشریف کو میں نے ہی وطن واپس آنے سے منع کیا ہے۔