کراچی کے مسائل مستقل بنیاد پر حل کریں گے ، وزیر اعظم

143
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی ہائوسنگ ، تعمیرات و ترقی کااجلاس ہورہاہے

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کریں گے۔جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا شیخ رشید احمد، اسد عمر، فیصل واوڈا ،مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اورچیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 100 سے زائد منصوبوں کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہیں جو 11 کھرب 17 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے جبکہ ان منصوبوں کو تکمیلی مراحل کے اعتبار سے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔اجلاس کو ان منصوبوں پر اب تک ہونے والے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال مون سون کے دوران کراچی میں برساتی پانی سے ہونے والے نقصانات کا سبب نالوں پر غیر قانونی تعمیرات ہیں۔انہوں نے واضح ہدایت دی کہ کراچی میں تجاوزات ہٹانے سے پہلے وہاں کے مستحق
مکینوں کے لیے پیشگی متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔عمران خان نے کراچی کو پانی فراہم کرنے کے کے فور منصوبے کی استعداد اور افادیت بڑھانے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کے لئے وزارتِ منصوبہ بندی کے تحت تکنیکی کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن و ڈیولپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا، جس میں مشیر وزیراعظم عشرت حسین، گورنر سندھ عمران اسماعیل، معاونین خصوصی ڈاکٹر شہبازگل اور سید ذوالفقار بخاری کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے عہدیداران سمیت چاروں صوبوں سے چیف سیکرٹریز وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس کو توانائی اور پیٹرولیم ڈویژنوں کی طرف سے نئے تعمیراتی منصوبوں کے لیے بجلی اور گیس کنکشنز کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ سیکرٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ گیس کے نئے کنکشنز کے لیے درکار این او سیز کے لیے آن لائن طریقہ کار وضع کیا جا رہاہے جس سے صارفین کے لیے آسانیاں پیداہو گی۔ چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اجلاس کو اسٹیٹ بینک کے ساتھ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لیے طے پانے والے باہمی تعاون سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ دلچسپی رکھنے والے درخواست گزاروں کے حوالے سے اتھارٹی ضروری معلومات بنکوں کو مہیا کرے گی۔ وزیر اعظم نے واضح ہدایت کی کہ اس وقت ملک میں بجلی کی کوئی کمی نہیں، اس لیے نئے کنکشنز دینے میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، انہوں نے اس ضمن میں جاری ہونے والے این او سی اور منظوری کے طریقہ کار کو صارفین کے لیے سہل بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اسکیم کے تحت اپنے گھر کے حصول کے لیے بینکوں سے آسان شرائط پر قرضے لینے والوں پر کسی قسم کا اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ مختلف یوٹیلیٹی سروسز حاصل کرنے کے لیے منظوریاں لینے کے طویل مراحل کو آسان بنایا جائے کیونکہ مروجہ طریقہ کار سے تعمیراتی شعبے کے لیے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔