پام کی زیادہ پیداوار کے لیے تجربہ گاہ قائم کرنے کا فیصلہ

50

کراچی (اسٹاف رپورٹر )حکومت سندھ کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں ساحلی ترقی کی اتھارٹی (سی ڈی اے)کی گورننگ باڈی کے 16ویں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حال ہی میں ضلع ٹھٹھہ میں پام کی مقامی طور پر پیداوار کے کامیاب تجربے کے بعد مذکورہ پیداواری سرگرمی کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت کی مالی اعانت سے سائنسی تجربہ گاہ قائم کی جائے گی جس میں پام کے خلیوں پر تحقیق کے ذریعے کم سے کم لاگتوں کے ذریعے اس کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کو ممکن بنایا جائے گا۔ اس موقع پر اپنے افتتاحی کلمات میں مشیر ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پام کی مقامی سطح پر پیداوار کے کامیاب تجربے کی ملکی تاریخ میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔مرتضیٰ وہاب نے اجلاس کو بتایا کہ پام کی مزید کاشت کے لیے مذکورہ علاقے میں محکمہ جنگلات کی پندرہ سو ایکٹر قابل کاشت زمین لی جارہی ہے جبکہ اسی علاقے میں ایک اور جگہ مزید پندرہ سو ایکڑ زمین حاصل کی جائے گی جس سے پام کی مجموعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ جس کے بعدسرمایہ کاروں کو مراعات دے کر اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے مائل کیا جائے گا تاکہ مقامی سطح پر پام آئل پیدا کرکے خطیرغیر ملکی زرمبادلہ بچایا جاسکے جو پام کی مصنوعات درآمد کرنے میں خرچ کیا جاتا ہے۔