کراچی کی چوری شدہ موٹرسائیکلوں کا خضدار میں بازار لگ گیا

64

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی کی چوری شدہ موٹر سائیکلوں کا خضدار میں بازارلگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے چوری یا پھر چھینی گئی موٹرسائیکلوں کا بلوچستان کے ضلع خضدار میں بازار لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا ہے کہ موٹر سائیکلیں حب، نورانی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بلوچستان پہنچتی ہیں۔پولیس کے مطابق بلوچستان پہنچنے والی موٹر سائیکلوں کا خضدار میں باقاعدہ بازار لگتا ہے جبکہ اس کے خریدار گروہ حب اور نورانی سمیت مختلف علاقوں میں ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ کراچی سے زیادہ تر موٹرسائیکلیں انجن اور چیچز نمبر پنچ کرکے بھجوائی جاتی ہیں۔اینٹی کار لفٹنگ سیل حکام کے ہاتھوں گرفتار ایک ملزم نے گاڑیوں کی چوری سے متعلق سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم غلام علی موٹرسائیکل لفٹنگ میں کئی بار گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے، ملزم چوری اور چھینی گئی موٹرسائیکلوں سے حاصل رقم سے پلاٹ بھی خرید چکا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملزم اسی رقم سے وکیلوں کو فیس کی ادائیگی بھی کرتا ہے۔