دادو ،تہرے قتل کیس کا مفرور ملزم ذوالفقار چانڈیو پکڑا گیا

77

دادو،میہڑ(نمائندگان جسارت)ام رباب چانڈیو کے دادا، والد اور چچا کے قتل کیس میں اہم پیش رفت مفرور مرکزی ملزم ذوالفقار چانڈیو گرفتار ۔تفصیلات کے مطابق ام رباب چانڈیو کے دادا، والد اور چچاکے تہرے قتل کیس میں سہولتکاری کا کردار اداکرنے والے مفرور ملزم ذوالفقار چانڈیو کو پولیس نے سندھ سے بلوچستان منتقل ہوتے وقت کشمور سے گرفتار کرلیاہے۔ رابطہ کرنے پر ایس ایس پی دادو ڈاکٹر فرخ رضا ملک نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ پولیس نے ملزم ذوالفقار چانڈیو کو کشمور کندھ کوٹ کے علاقے سے گرفتار کرلیا ہے۔ دوسری جانب ام رباب چانڈیو کاکہنا ہے کہ ملزم کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا ہے بلکہ سرداروں نے ڈیل کے تحت پولیس کے پاس پیش کرایا ہے۔ اب تک کیس کا مرکزی ملزم مرتضی چانڈیو مفرور ہے جو گرفتار نہیں ہوسکا ہے۔ واضح رہے کہ 33 ماہ قبل تحصیل میہڑ میں ام رباب چانڈیو کے دادا، والد اور چچا کو قتل کیا گیا تھا۔ملزم کی گرفتاری پر 10 لاکھ روپے کا انعام بھی رکھا گیا تھا۔ام رباب اپنے والد، دادا اور چچا کو انصاف دلوانے کےلیے ننگے پاﺅں عدالتوں کے چکر لگاتی رہی، جس کے بعد یہ معاملہ اعلیٰ حکام کی نظر میں آیا۔ ام رباب ننگے پاﺅں سندھ ہائیکورٹ جاتی رہی، جبکہ ایک مرتبہ اس کی جانب سے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی گاڑی روکنے کی بھی کوشش کی گئی تھی جس کے سپریم کورٹ نے معاملے کا نوٹس لیا۔ گزشتہ ماہ 12اکتوبر کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے مفرور ملزمان کی عدم گرفتاری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس کی برہمی کے بعد اب سندھ پولیس مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
ام رباب کیس