کورونا وائرس کے باعث پاکستان کی ترقی کی شرح متاثر ہوئی،سیما کامل

59

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ڈپٹی گورنر سیما کامل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان کی مجموعی ترقی کی شرح متاثر ہوئی،ملک میں اسلامی بینکاری تیزی سے فروغ پارہی ہے ،اسلامک بینک عام بینکنگ سے بہت بہتر سروس دے رہاہے،اسلامی بینکوںکے ڈپازٹ5ہزار ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ بینکنگ ڈپازٹ میں50فیصد تک اضافے کی گنجائش ہے۔ ،وہ جمعرات کومقامی ہوٹل میں نویں اسلامک فنانس ایکسپو اینڈ کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔اس موقع پر میزان بینک کے صدر و سی ای او عرفان صدیقی ،معاشی تجزیہ نگار عتیق الرحمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیماکامل کا اپنے خطاب میںمزید کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے جی ڈی پی گروتھ میں کمی آئی ہے ،اس لئے پاکستان کو صنعتی ترقی کی جانب لے جانا ہوگا،پلانٹ اور مشینری کی درآمد ہونے سے پیداوار کے ساتھ روزگار کے موقع بھی پیدا ہونگے،اسلامک بینک سمیت عام بینکنگ صارفین کو تمام سہولت فراہم کررہے ہیں ،خاص طور سے ہاؤسنگ فنانس پر بہت زیادہ توجہ دی جارہی ہے ،ہاؤسنگ فنانس میںسب سے زیادہ کردار خواتین کا ہوگا اور گھریلو خواتین بھی اب ذاتی گھر کا خواب پورا کرسکیںگی۔صدر میزان بینک عرفان صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ کورونا وبا میں آن لائن بینکنگ کا تصور تیزی سے فروغ پارہا ہے،پاکستان سمیت اسلامی ممالک میں اسلامک بینکاری میں اضافہ ہورہا ہے اوراسلامک بینکنگ 18فیصد بڑھ چکی ہے۔