لاڑکانہ، مسلح افراد کی فائرنگ سے 28 سالہ شخص قتل

57

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے تھانہ سول لائن کی حدود لاہوری محلے میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے گاؤں دودائی کے رہائشی 28 سالہ نوجوان ثاقب سانگی کو شدید زخمی کردیا، اطلاع پر حد کے تھانے کی پولیس نے پہنچ کر نوجوان کو تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان دم توڑ گیا۔ اس حوالے سے مقتول نوجوان کے ورثاء کا کہنا ہے کہ سال قبل مقتول کے بھائی نے ہالیپوتہ برادری سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے شادی کی تھی، جس تنازع پر ہالیپوتہ برادری کے موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ثاقب سانگی کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ دوسری جانب پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، تاہم آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ لاڑکانہ شہر کی ایوب کالونی کی رہائشی 7 سالہ ذہنی مریضہ بچی مسکان بھٹی گزشتہ روز گھر سے نکلنے کے بعد پُراسرار طور پر لاپتا ہوگئی جبکہ ورثاء کی جانب سے حد کے تھانہ حیدری اور ایدھی سینٹر کو اطلاع دینے سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں لاپتا بچی کو تلاش کرنے کی کوشش کی، تاہم بچی کا کچھ بھی پتا نہ چلنے پر ورثاء غم سے نڈھال ہوگئے۔ اس حوالے سے لاپتا بچی کے ورثاء کا کہنا ہے کہ مسکان دوپہر تین بجے کے بعد گھر سے نکلی اور لاپتا ہوئی، جسے مختلف علاقوں میں تلاش کرنے سمیت تھانہ حیدری اور ایدھی سینٹر انتظامیہ کو اطلاع دی تاہم اس کا کچھ بھی پتا نہ چل سکا، جس کے باعث تمام گھر والے پریشان ہیں۔ انہوں نے لاڑکانہ پولیس کے حکام سے اپیل کی کہ بچی کو تلاش کرنے میں مدد کی جائے۔