امریکا کے بغیر بھی اسرائیل سے معاہدہ ہونا تھا‘ امارات

69

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے ترکی اور ایران پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ملک خطے کے دیگر ممالک کے امور میں مداخلت سے گریز کریں۔ عرب ٹی وی کے مطابق ایک انٹرویو میں امارات کے ساتھ معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم تبدیلی ہے اور اس سے قبل بھی ان امور میں چھوٹے موٹے اقدامات کے ذریعے پیش رفت ہو رہی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی اس معاملے میں موجودگی سے قطع نظر اس معاہدے کو طے پانا ہی تھا، تاہم کچھ تاخیر ممکن تھی۔ دوسری جانب اماراتی فضائی کمپنی فلائی دبئی کی صہیونی ریاست کے گورین ہوائی اڈے سے پہلی کمرشل پرواز چار گھنٹے کا سفر طے کرکے جمعرات کے روز براہ راست دبئی پہنچی، جہاں اسرائیلی مسافروں کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اسرائیلیوں نے ائرپورٹ پر فتح کا نشان بناتے ہوئے اپنے پاسپورٹ لہرائے۔