کراچی (اسٹاف رپورٹر)تنزانیہ چیمبر آف کامرس انڈسٹری اینڈ ایگریکلچر (ٹی سی سی آئی اے) کے صدر پال ایف کویی نے پاکستانی تاجروں وصنعتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ معیشت کے مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کی مزید راہیں تلاش کریں اور تنزانیہ کے تاجروںکے ساتھ تعلقات کو بہتر بنائیں۔تنزانیہ ایک پرامن ملک ہے جہاںکئی شعبوں باالخصوص زراعت کے شعبے میں تجارت و سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔یہ بات انہوں نے 4رکنی وفد کے ہمراہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔صدر کے سی سی آئی ایم شارق وہرہ، نائب صدر شمس الاسلام خان، سابق نائب صدر ناصر محمود، کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین و دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔