کرمنل ریکارڈ جاری ‘غلام مصطفی پنجاب پولیس کو بھی مطلوب تھا

57

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے ڈیفنس فیز 4 میں مبینہ مقابلے میں مارے جانے والے سرائیکی گینگ کا کرمنل ریکارڈ اور 2019ء میں کی جانے والی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک ایک ملزم غلام مصطفی پنجاب پولیس کو بھی مطلوب تھا‘ غلام مصطفی پر پنجاب میں3 مقدمات کی تفصیلات سامنے آچکی ہیں‘ وہ 3 روز پہلے کراچی آیا تھا جبکہ ہلاک ملزم عابد اور ریاض ماضی میں جیل جاچکے ہیں۔ وکیل کا ہلاک ڈرائیور محمد عباس ڈکیتی کے لیے ڈبل کیبن گاڑی فراہم کرتا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکو ڈبل کیبن 3 روز سے مسلسل استعمال کر رہے تھے‘ 3 دن سے ہلاک ملزم ڈبل کیبن میں ڈکیتی کے لیے بنگلوں کی ریکی کر رہے تھے جبکہ حساس ادارہ بھی مسلسل ڈبل کیبن کو پولیس کے ہمراہ مانیٹر کر رہا تھا۔ ملزمان نے جمعے کو ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی تھی‘ پولیس پہلے ہی علاقے کو گھیرے میں لے چکی تھی‘ گاڑی کے مالک سے پوچھ گچھ کی جائے گی کہ کیسے ڈکیت گاڑی کا استعمال کرتے رہے۔ پولیس نے 2019ء کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کی ہے جس میں ملزمان کو درخشاں کے علاقے میں ڈکیتی کے لیے بنگلے کے باہر دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ڈکیت گینگ 20 ملزمان پر مشتمل ہے‘ ملزمان نے صرف 2019ء میں 26 گھروں میں ڈکیتیاں کیں‘ملزمان سابق وزیراعلیٰ علی محمد مہر کے گھر ڈکیتی میں بھی ملوث ہیں۔