اورنگی ٹاؤن: مہندی کے کارخانے میں آتشزدگی، 3 افراد جاں بحق

40

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹائون نمبر 4 میں مہندی کے کارخانے میں آتشزدگی کے نتیجے میں 3 افراد زندہ جل کر جاں بحق ہوگئے، ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ تفصیلات کے مطابق جمعے کی صبح اورنگی ٹاؤن4 نمبر مومن آباد تھانے کے عقب میں قبا مسجد کے قریب 2 منزلہ مکان میں واقع مہندی کے کارخانے میں آگ بھڑک اٹھی، آگ نے پورے کارخانے کو لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں پہنچیں اورآگ بجھانے کی کوشش کی اورنگی فائر اسٹیشن کے فائر افسر مظہر رفیق کے مطابق کارخانہ رہائشی علاقے میں موجود تھا آتشزدگی کی وجہ معلوم نہ ہوسکی کارخانے سے 3 سوختہ نعشیں ملی ہیں۔ جاں بحق افراد کی شناخت اکرم، شاہد اور اسماعیل کے ناموں سے ہوئی۔