وفاق اور سندھ لیاری دشمنی ترک کریں، سید عبد الرشید

63

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) رکن سندھ اسمبلی وامیر جماعت اسلامی ضلع کراچی جنوبی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں لیاری دشمنی ترک کردیں، بمشکل2وقت کی روٹی کھانے والوں کے چولہوں کی گیس بھی چھین لی گئی،وفاقی حکومت اپنا قبلہ درست کرے لیاری میں لوڈ شیڈنگ نہیں گیس کی لائنیں ٹوٹی ہوئی ہیں جنہیں تبدیل نہیں کیاجارہا،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور ایم این اے شکور شاد لیاری کے عوام کو گیس جیسی بنیادی سہولت دلانے میں کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئی گیس بندش کے خلاف کلاکوٹ لیاری میں عوامی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید عبدالرشید نے کہاکہ اگر ایم این اے اپنی ہی حکومت میں بے بس ہیں تو آگے بڑھیں اور عوامی احتجاج میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی طاقت سے مسائل حل کرانے کے لیے ہر دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام ساتھ دے تو وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومت عوام کو ان کا حق دلاکر رہیںگے۔رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہاکہ وقت آگیا ہے عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا چور کو چور کہیں اور دیانتدار قیادت کو مضبوط کریں۔انہوں نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کے ایم ڈی سے لے کر ہر دروازے پر دستک دی۔ جماعت اسلامی اپوزیشن میں ہے اور اپنی قوت سے زیادہ کردار ادا کررہی ہے لیکن جو تبدیلی کے نام پر ووٹ لے کر اقتدار میں ہیں صرف ٹوئٹ سے کام چلارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام نے ٹوئٹ اعظم نہیں وزیر اعظم منتخب کیاتھا،لیاری کے عوام کے گھروں کے گیس کے چولہے ٹھنڈے ہیں موسم سرد ہے لیکن رات رات بھر بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ،سردی کے موسم میں بھی پانی کی قلت ہے حکومتیں کہاں ہیں؟۔رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ عوامی تائید سے اعلان کررہا ہوں اگر حکومتوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو عوام کو ساتھ لے کر اقتدار کے ایوانوں کی سمت نکلیں گے اور پھر اپنا حق لے کر ہی واپس لوٹیں گے۔