کراچی (اسٹاف رپورٹر) سرکلر ٹرین فیز ون کی آمدن اخراجات سے نصف بھی نہیں ہو رہی ہے جس کے باعث ریلوے کو یومیہ لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ پاکستان ریلوے نے7 روز قبل کراچی میں سرکلر ٹرین کا آغاز کیا تھا، ریلوے نے پیپری تا سٹی اسٹیشن 4 ٹرینیں شروع کی ہیں، تاہم چاروں ٹرینوں میں مجموعی طور پر75 فیصد تک نشستیں خالی جارہی ہیں جبکہ ریلوے کے لیے بڑا مالی بوجھ سرکلر ٹرین فیز ون بن گیا ہے جس کی آمدن اخراجات سے نصف بھی نہیں ہے ذرائع کے مطابق سرکلر ٹرین میں گنجائش سے صرف25 فیصد مسافر سفر کررہے ہیں جس کی وجہ سے خسارے کا شکار پاکستان ریلوے کو مزید نقصان ہو رہا ہے، صرف شام6 بجے چلنے والی سرکلر ٹرین میں90 فیصد سے زائد مسافر سفر کر رہے ہیں۔ ریلوے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے کراچی سرکلر ٹرین کے حوالے سے صورتحال سے عدالت کو آگاہ کریگی۔