او آئی سی: پاکستان کا 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کا عالمی دن منانے کی تجویز

75

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی اجلاس میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے مقابلے کا عالمی دن قرار دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکوں نے دنیا بھرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی.

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرا خارجہ کے 47 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج امت کو انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا ہے، کورونا وبا سےموثر مقابلے کیلئے مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی آبادی ہونے کے باوجود وبا کے بدترین اثرات کی روک تھام میں کامیاب رہا.

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں تکالیف اور مخدوش صورتحال انتہائی دگرگوں ہے، او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو رکوائے، بھارت نے پورے مقبوضہ خطے کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کردیا ہے.

وزیرخارجہ نے کہا کہ نسلی عصبیت کی بنیاد پر آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششیں ناپاک عزائم کا حصہ ہیں،آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کھلم کھلا ہندو توا کا پرچار کررہی ہے جبکہ کورونا وبا کے پھیلاو کی ذمہ داری مسلمانوں پر عائد کرکے ان کو بدنام کیا گیا.

انہوں نے کہا کہ مجرموں میں بی جے پی کے بہت سے سینئر سیاستدان بھی شامل تھے، مقبوضہ کشمیر میں اپنے پر پردہ ڈالنے کیلئے بھارت پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات عائد کرتا ہے، پاکستان بے انتہا تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے لیکن ہمارے صبر کی بھی ایک حد ہے.

او آئی سی کے وزرا خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے عفریت کیخلاف صف اول میں جنگ لڑرہا ہے تاہم پاکستان فلسطین کے عوام کے ساتھ اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے اور فلسطینیوں کو انکا حق ملنا چاہیے.