نیشنل انٹیلی جنس کمیٹی قائم، وفاقی سیکرٹری داخلہ سربراہ ہونگے

37

اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد سول
اور ملٹری انٹیلی جنس اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور بہتر روابط کے لیے نیشنل انٹیلی جنس کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کے سربراہ وفاقی سیکرٹری داخلہ ہوںگے ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نیشنل انٹیلی جنس کمیٹی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ہے ۔سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں بننے والی اس کمیٹی میں ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو، ڈی جی ایف آئی اے ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ، اسلام آباد کے آئی جیز اور چاروں صوبوں کے آئی جی پولیس بھی شامل ہوںگے، اس کے علاوہ ملٹری آپریشن ڈائریکٹوریٹ کے نمائندوں کو بھی کمیٹی میں شامل کیاگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کسی کو بھی رکن بنا سکتی ہے اور دیے گئے ضوابط کار کے تحت کام کرے گی ۔ یہ کمیٹی انسداد دہشت گردی کی روک تھام کے لیے آپس میں روابط کو یقینی بنائے گی ،ایک دوسرے سے معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا اور جب ضرورت ہوگی تو کمیٹی کا اجلاس بلا کر تمام تر صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے اور ملک دشمن عناصر سرگرمیوں کو کچلنے کے لیے یہ کمیٹی متفقہ لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھے گی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد سول اور ملٹری انٹیلی جنس اداروں کے درمیان قریبی روابط کو فروغ دینا ہے ۔