نقیب اللہ قتل کیس میں اہم موڑ آگیا

57

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں نقیب اللہ و ساتھیوں کے قتل کے مقدمے میں اہم موڑ آگیا‘ موبائل سی ڈی آر ایکسپرٹ انسپکٹر حنیف نے سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار اور سابق ڈی ایس پی قمر کی وقوع کے وقت عدم موجودگی کا انکشاف کردیا۔ ہفتے کو عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس کی سماعت کی۔ سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار اور سابق ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ عدالت نے موبائل سی ڈی آر کے ایکسپرٹ انسپکٹر
حنیف سمیت 4 گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔ موبائل سی ڈی آر ایکسپرٹ انسپکٹر حنیف نے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے بتایا کہ مقابلے کے وقت سابق ایس ایس ملیر رائو انوار اور سابق ڈی ایس قمر سمیت 9 سے 10 افراد جائے وقوع پر موجود نہیں تھے اور جیو فینسنگ رپورٹ کے مطابق یہ افسران مقابلہ ختم ہونے کہ بعد جائے وقوع پر پہنچے جبکہ مقابلہ کا وقت3 بجے سے 3 بجکر 20 منٹ کا ہے جبکہ یہ افسران کی لوکیشن جائے وقوع کے موبائل ٹاور پر اس بعد کی آئی ہے‘ موبائل سی ڈی آر کے مطابق سابق ڈی ایس پی قمر کی3 بج کر 8 منٹ کی لوکیشن رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کی آئی ہے جبکہ جائے وقوع پر پہنچنے کی لوکیشن ساڑھے 3 بجے کے بعد کی ہے۔ عدالت نے مقدمے میں مزید گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کردی۔