سری لنکا سے تحفے میں ملنے والے کاون ہاتھی کو آج کمبوڈیا بھیج دیا جائے گا.
تفصیلات کے مطابق سری لنکا سے تحفے میں ملنے والے ہاتھی کاون کو میڈیکل ٹیم کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے آج کمبوڈیا بھیج دیا جائے گا،ہاتھی کاون کا آج پاکستان میں آخری دن ہے اور گزشتہ ایک ہفتے سے مرغزار چڑیا گھراسلام آباد میں کاون کی الوداعی تقاریب کا سلسلہ بھی جاری ہے.
رپورٹس کے مطابق کاون کی بیرون ملک روانگی اورفٹنس کے حوالے سے سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا گیا، کاون ہاتھی کے ہمراہ پاکستانی عملہ بھی کمبوڈیا جائے گا، کاون اب باقی زندگی کمبوڈیا کے جنگل میں ایشیائی نسل کے ہاتھیوں کے ساتھ گزارے گا.
یاد رہے کہ کاون ہاتھی 1985 میں پاکستان کوسری لنکن صدر کی جانب سے تحفے میں ملا تھا اور عدالتی حکم پر حکومت نے اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں تنہا ہاتھی کاون کو کمبوڈیا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے ک اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے چڑیا گھر کیس میں چڑیا گھر میں قید ہاتھی ’’کاون‘‘ کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ 67 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ میں عدالت کا کہنا تھا کہ سہولیات کے بغیر چڑیا گھر میں جانوروں کو قید رکھنا غیر مناسب اور غیرقانونی ہے،چڑیا گھر میں قید تمام جانوروں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا جائے،36 سال سے ہاتھی ’’کاون‘‘ کے ساتھ ہونے والے ظلم کو اب ختم ہونا چاہیے، ہاتھی ’’کاون‘‘ کو پاکستان یا بیرون ملک محفوظ پناہ گاہ میں منتقل کیا جائے۔
عدالت نے چڑیا گھر کی انتظامیہ، ایم سی آئی، حکومت کو کارکردگی بہتر بنانے کے بارہا موقع دیے، حکومت چیئرمین وائلڈ لائف مینجمنٹ کی سربراہی میں بورڈ تشکیل دے، بورڈ 6 دنوں میں تمام جانوروں کو پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کرے، بورڈ مرغزار چڑیا گھر کا انتظام سنبھالے اور جب تک بین الاقوامی ایجنسی انسپکشن نہ کرلے چڑیا گھر میں کوئی نیا جانور نہیں رکھا جائے۔
عدالتی فیصلے پر وائلڈ لائف حکام نے عدالت کو بتایا کہ تین ممالک زیر غور تھے جن میں نیپال، سر ی لنکا اور کمبوڈیا لیکن حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کاون ہاتھی کو کمبوڈیا بھیجا جائے گا۔