پاکستانی قونصلیٹ جدہ میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول ’’رحاب‘‘ اور ’۔العزیزیہ‘‘ کے طلبہ و طالبات کو مختلف شعبوں میں کامیابیوں پر سرٹیفکیٹس و شیلڈز سے نوازنے اور ان کی نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں خصوصی اعزازی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے اپنے خطاب میں طلبہ کے عزائم اور جذبے کی ستائش کرتے ہوئے انہیں نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگی میں کامیابیاں سمیٹنے اور دنیا کے سامنے پاکستان کے حقیقی سفیر بننے کے لیے سخت محنت جاری رکھیں۔ انہوں نے طلبہ میں محنت اور لگن پیدا کرنے کے لیے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور تعلیمی اداروں کو مزید بہتری کی جانب گامزن کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب میں اسکولوں کے پرنسپل اور ذرائع ابلاغ کے نمایندوں نے شرکت کی۔ آخر میں پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کی فلاح وبہبود، قیام امن اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے دعا کی گئی۔ تقریب کے دوران کورونا وبا سے متعلق ایس او پیز کا بھرپور خیال رکھا گیا۔