تین ہٹی پل کی تزئین و آرائش کا کام حتمی مراحل میں ہے ‘ایڈمنسٹریٹر

102
بلدیہ عظمیٰ کے تحت تین ہٹی پروکٹورین طرز کی اسٹریٹ لائٹس نصب کی جارہی ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ تین ہٹی پل کی تزئین و آرائش کا کام حتمی مراحل میں ہے اور اس پل کی اہمیت کے پیش نظر پل پر وکٹورین طرز کی اسٹریٹ لائٹس نصب کی جا رہی ہیں جبکہ فٹ پاتھوں پر نئی ٹائلیں لگائی گئی ہیں اور گرین بیلٹس پر پودے لگا کر اسے خوبصورت بنایا جائے گا، پل کی حفاظتی گرل کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں جاری مختلف سڑکوں کی تعمیر و مرمت، فلائی اوورز کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی، پلوں کو جدید طرز میں ڈھالنے اور ان کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے منعقدہ ورکس ڈپارٹمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہر میں تعمیر و مرمت کا کام جاری رکھے ہوئے ہے اور ترجیحی بنیادوں پر ایسی سڑکوں کی استرکاری کی جا رہی ہے جہاں ٹریفک کا شدید دباؤ ہے یا اس ٹکڑے کے باعث جس پر گڑھے پڑ گئے ہیں ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پلوں، ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کا مقصد بھی ٹریفک کو رواں رکھنا ہے، انہوں نے کہا کہ تین ہٹی پل تزئین و آرائش کے بعد ایک ماڈل پل کی شکل اختیار کرلے گا۔