یتیموں کی مدد کیلیے حضورؐ کی بشارت مشعل راہ ہے ‘غلام عباس

37

کراچی(پ ر) ڈائریکٹر جنرل سندھ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ غلام عباس ڈیتھو نے کہا ہے کہ یتیموں کی مدد کیلیے حضورؐ کی بشارت مشعل راہ ہے۔ انہوں نے یہ بات عالمی یوم اطفال کے موقع پر انجمن حیات الاسلام کے زیرانتظام قائم ہونے والے حیات الاسلام سویٹ ہوم کی افتتاحی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے خطاب کرنے والوں میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ایسٹ رعنا صدیقی اور انجمن حیاتُ الاسلام کے ایڈمنسٹریٹر نواب دین شامل تھے۔ غلام عباس ڈیتھو نے کہا کہ مظلوموں کی مدد کیلیے اُٹھنے والاہر قدم عبادت کا درجہ رکھتا ہے، ہمارا دین محتاجوں، معذوروں اور مظالموں کی مدد کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نفسا نفسی کے دور میں کوئی اپنا بخار بھی کسی کو نہیں دیتا جبکہ ایک ڈونر نے دو کروڑ کا فلیٹ ایڈمنسٹریٹر کے حوالے کیا ہے جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈونر کا انجمن پر اعتماد ہے کہ یہ اچھا کام کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ایسٹ رعنا صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انجمن حیات الاسلام کی کارکردگی دیگر سماجی اداروں کیلیے بھی قابلِ تقلید مثال ہے۔ انجمن حیات الاسلام کے ایڈمنسٹریٹر نواب دین نے اپنی دو سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انجمن حیات الاسلام سے وابستہ بچوں کی خدمت عبادت سمجھ کر کر رہے ہیں۔