فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے واسا کی طرف سے خسارے اور نادہندگان کے بقایا جات کا بوجھ صارفین پر ڈالتے ہوئے بلوں میں اضافہ کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واسا کو غریب عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اگر کسی نے اس فیصلہ کو عوام پر جبری ٹھونسنے کی کوشش کی تو اس کی بھر پور مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کے سروے کے مطابق واسا کی طرف سے فیصل آباد کے شہریوں کوانتہائی ناقص کوالٹی کا پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف لوگ سارا سارا دن پانی کے انتظار میں بیٹھے رہتے ہیں مگر سپلائی نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ افسران اپنے شاہانہ اخراجات کم کرنے کے بجائے سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال کر عیاشیاں کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف کورونا کی وجہ سے پوری قوم کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے۔ معاشی نظام متاثر ہے اور گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں۔ مزدور سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں،مہنگائی ، بے روزگاری سے عوام کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے تو دوسری طرف واسا حکام بلوں میں اضافہ کرکے ان کی رگوں سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس ظالمانہ فیصلہ کو کسی طور قبول نہیں کیا جائے گا۔