بے روزگاری‘مہنگائی اور برطرفیاں عوام کا مقدر بن گئیں‘جماعت اسلامی سندھ

49

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے تحریک انصاف اور عمران خان کی جانب سے الیکشن مہم اور اپنے انتخابی منشور میں عوام سے کیے گئے تمام تر وعدوں کے برعکس پاکستان اسٹیل ملز سے 4544ملازمین کی جبری برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پی ٹی آئی حکومت کاایک اور عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے ،تحریک انصاف نے عوام سے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا لیکن ابھی تک صرف مہنگائی میں اضافہ اور برطرفیاں ہی عوام کا مقدر بنی ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہحکومت نے ملازمین کی برطرفی کے حوالے سے نہ پارلیمنٹ کو اور نہ ہی ملازمین کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی گئی، تحریک انصاف کی حکومت نے پوری انتخابی مہم اداروں کی مضبوطی، قرضوں کے خاتمے اور معیشت کی بحالی پر چلائی تھی لیکن اب ایک ایک کرکے اداروں کو نجکاری کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل ملز فولاد انڈسٹری میں سب سے بڑا اداراہ ہے اسے عملی طور پر بند کردیا گیا ہے جبکہ رٹائرڈ اور برطرف ملازمین کے نہ تو مکمل واجبات ملے ہیں نہ ہی پینشن کا کوئی انتظام ہے جس پر سابق ملازمین مسلسل احتجاج کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس عوم کے لیے کوئی ریلیف نہیں۔ملازمین کو گریجوٹی،پراؤیڈنٹ فنڈ،کموٹیشن،گروپ انشورنس اور دیگر واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں تاکہ وہ مزید معاشی پریشانی کا شکار نہ ہوں۔بصورت دیگر جماعت اسلامی ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے حکومت ہوش کے ناخن لے۔انسانی ہمدردی کے ناتے فیصلہ واپس لے کے غریب لوگوں کا معاشی قتل بند کرے۔