وزیراعظم کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ، علاقائی و ملکی صورتحال سے آگاہ کیا گیا

68

راولپنڈی(خبرایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے آئی ایس آئی کا دورہ کیاجہاں ان کی زیر صدارت میں ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کا اہم اجلاس ہوا۔اس موقع پرقومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی گئی ،وزیراعظم کو علاقائی اور ملکی صورتحال پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف ائر اسٹاف ائر چیف مارشل مجاہد انور خان، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی اس موقع پرموجود تھے۔وزیر اعظم آفس کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آئی ایس آئی میں شرکاکا استقبال کیا۔وزیراعظم نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔