حریت قیادت کا او آئی سی میں کشمیر سے متعلق قرارداد پراظہار اطمینان

93

سری نگر(اے پی پی):غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نائیجر کے شہرنیامی میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق ،حق خود ارادیت کے حق میں قرارداد منظورکرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیر کاز کے لیے مسلم ممالک کی حمایت حاصل کرنے کی کوششوں پر پاکستان کا شکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال سنگین ہے جہاں بھارتی فوجی منظم انداز میں انسانی حقوق کی پامالیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بہت اچھے طریقے سے مسلم ممالک کی توجہ کشمیری عوام کو درپیش مشکلات کی طرف مبذول کروائی ہے اور اب دنیا کو کشمیریوںکو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ان کاحق خودارادیت دلانے کے لیے آگے آنا چاہیے۔