کالا خطائی روڈ پر تیز رفتار بس اور ویگن کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے.
تفصیلات کے مطابق ضلع شیخوپورہ کے کالا خطائی روڈ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تیز رفتار دو ویگنوں اور بس کے آپس میں ٹکرا جانے کے باعث 13 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے.
ریسکیو ذرائع کے مطابق تصادم کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی اور مسافروں کی اموات آگ سے جھلسنے کے باعث ہوئیں جبکہ زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے.
دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے شیخوپورہ کے قریب ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتا ہوں.
یاد رہے کہ 3 جولائی 2020 کو کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کو شیخوپورہ کے قریب حادثہ پیش آیا تھا جس میں مسافروں سے بھری ویگن ٹرین سے ٹکرانے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈی پی او شیخوپورہ نے حادثے میں 15 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ویگن میں سکھ یاتری سوار تھے اور یاتری روڈ پر ریلوے کراسنگ پر گاڑی شاہ حسین ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔