بلوچستان میں دنیا کے سب سے بڑے معدنی پروسیسنگ پلانٹ کا منصوبہ

70

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی ) کے صدر اسماعیل ستار نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان کے ایک دوسرے کے ساتھ شاندار اور خوشگوار تعلقات ہیں اور موجودہ معاشی صورتحال میں دونوں ملکوں کو باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ترکی کے دورے کے دوران استنبول چیمبرآف کامرس (آئی سی سی) کے نائب صدر اسرافیل کورالے سے ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ای ایف پی اقتصادی کونسل کے ڈائریکٹر محمود ارشد بھی موجود تھے۔ اسماعیل ستار نے ترکی کے ساتھ پاکستان کے 300 ملین ڈالر کے تجارتی خسارے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ای ایف پی بلوچستان میںکئی قابل ذکر اداروں کی شراکت میں دنیا کا سب سے بڑا معدنی پروسیسنگ پلانٹ لگانے پر کام کر رہا ہے جو برآمدات کے لیے ویلیو ایڈڈ معدنی مصنوعات تیار کرے گا اس ضمن میں ترکی کچھ تکنیکی مہارت دے کر اور اس شعبے میں بلیو چپ کاروبار کو آگے بڑھا کر حصہ لے سکتا ہے۔ استنبول چیمبر آف کامرس کے نائب صدر اسرافیل کورالے نے اس اقدام کی تعریف کی اور پاکستان کے کان کنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے دونوں اطراف کے تاجروں کے مابین زوم اجلاس کی تجویز پیش کی۔