ڈنمارک میں ’’بائیکاٹ اسرائیل‘‘ مہم کامیابی سے جاری

57

کوپن ہیگن (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی ملک ڈنمارک کے شہر اورہوس میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ مہم ڈنمارک میں قائم ایکشن گروپ برائے فلسطین کی طرف سے شروع کی گئی ہے، جسے فلسطینی تنظیموں کے نمایندہ اتحاد، ڈنمارک کی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی حمایت حاصل ہے۔ سٹی ویسٹ تجارتی مرکز کے سامنے بڑی تعداد میں فلسطینیوں اور دوسری برادریوں کے نمایندہ افراد کی بڑی تعداد نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے حق میں مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے راہ گیروں میں اسرائیلی مصنوعات کی فہرست بھی تقسیم کی اور ان سے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کی اپیل کی گئی۔ دوسری جانب انڈونیشیا کے ارکان پارلیمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلیوں کا ملک میں دخلہ بند کرے۔ خبر رساں اداوں کے مطابق ارکان پارلیمنٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی پاسپورٹ پرسفر کرنے والے لوگوں کو ملک میں داخل ہونے سے روکے۔ ایسے لوگ جن کے پاس اسرائیل کے پاسپورٹس ہیں، انہیں انڈونیشیا کا ویزہ جاری نہ کیا جائے۔ رکن پارلیمنٹ ہدایت نور وحید اور پیپلز مشاورتی کونسل کے چیئرمین نے انڈونیشی صدر کے اسرائیلیوں کے حوالے سے موقف کو مبہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلیوں کے حوالے سے ہمارا رویہ واضح نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کہیں حکومت کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی اور صہیونی ریاست سے تعلقات معمول پرلانے کا کوئی پروگرام تو نہیں بن رہا ہے۔انہوں نے حکومت سے اسرائیل کا ہرسطح پر بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔