یمنی باغیوں کا سعودی فوج کے 8 اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ

43

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) حوثی باغیوں نے یمن میں ایک جھڑپ کے دوران سعودی فوج کے 8 اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے تاہم اتحادی افواج نے دعوے کی تردید کی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ مآرب کے علاقے میں فوجی کیمپ پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں سعودی فوج کے 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔اتحادی افواج کی جانب سے ایسے کسی بھی واقعے کی سختی سے تردید کی ہے، تاہم سعودی میڈیا میں یمن میں تعینات کے ایک سعودی لیفٹیننٹ کرنل کے انتقال کرجانے کی خبریں سامنے آئی ہیں، جس کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ اُدھر حکومتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں کے ایک حملے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے۔ علاوہ ازیں حوثی ملیشیا نے یمن کے مغربی صوبے حدیدہ میں الدریہمی ضلع کے نواحی علاقے القازہ میں ایک کارروائی کے دوران کم از کم 7 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جب کہ اس کارروائی میں بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق الدریہمی اسپتال کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حوثی باغیوں نے القازہ گائوں پر توپخانے شدید گولہ باری کی۔ زیر علاج چند زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔