ایڈووکیٹ نعمت رندھاوا کلنگ، متحدہ کے 2کارکنوں کو عمر قید سنادی گئی

65

کراچی(نمائندہ جسارت)اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نعمت علی رندھاوا ایڈووکیٹ کی ٹارگٹ کلنگ کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے مجرم کاظم عباس اور مجرم نعمان کو عمر قید کی سزا سنادی، انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرموں پر دو دو لاکھ جرمانہ بھی عاید کیا ، عدالت نے غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں مجرم کاظم عباس کو 10 سال قید اور 50 ہزار
جرمانہ بھی عاید کیا ہے ، عدالت نے مجرموں کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا ۔ پولیس کے مطابق نعمت علی رندھاوا صحافی ولی بابر کا مقدمہ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی حیثیت سے چلا رہے تھے،مجرموں نے نعمت علی رندھاوا کو نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کیا،واقعے میں نعمت علی رندھاوا کے صاحبزادے توقیر رندھاوا زخمی ہوئے تھے،مجرموں کیخلاف دو ہزار تیرہ میں نارتھ ناظم آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں شاہ فیصل میں نوجوان مقصود کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کے مرکزی ملزم اے ایس آئی طارق کی سزائے موت کے خلاف اپیل کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی جہاں عدالت نے ملزم پولیس اہلکار کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے پراسیکیوشن اور پولیس کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے مفرور عاشق حسین چاچڑ کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں،18 جنوری 2018 کو ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ رکشہ پر فائرنگ کی،جس سے رکشہ میں سوار مقصود جاں بحق ، اس کا دوست زخمی ہوا،پولیس نے واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دیا، عدالت نے شریک ملزمان پولیس اہلکار عبدالوحید، شوکت علی اور اکبر خان کو بری کردیا۔ مزید برآںکراچی سے 14 لاپتا بچوں کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت عدالت نے پولیس حکام کو لاپتا بچوں کی فوری بازیابی کا حکم دے دیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سندھ پولیس نے ایک مزید بچہ بازیاب کرلیا ہے پولیس حکام نے رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ منظور نامی بچے کو بازیاب کرالیا ہے،عدالت نے پولیس حکام دیگر 14 لاپتا بچوں کی فوری بازیابی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام لاپتا بچوں کو بازیاب کراکر رپورٹ پیش کی جائے،عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 3 فروری تک ملتوی کردی۔