کورونا سے مزید 40 افراد جاں بحق ، کئی شہروں میں اسمارٹ لاک ڈائون

47

 

اسلام آباد/ لاہور (صباح نیوز/ آن لائن/مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں مہلک عالمی وبا کورونا وائرس کے مزید40 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد8025 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے2839 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 98 ہزار24 تک پہنچ گئی ہے
جبکہ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 3 لاکھ 41 ہزار 423 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کی جانب سے پیر کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں2046 کوروناوائرس مریضوں کی حالت تشوشناک ہے۔ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح 85.8 فیصد تک پہنچ گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں1613 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔ فعال کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور یہ تعداد48576 تک پہنچ گئی۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ساتھ شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 5 ہزار 82 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤنز لگائے گئے ہیں۔ فورم کو بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک ہزار459 مقامات، سندھ میں206، خیبرپختونخوا میں182، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں 3 ہزار 205 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤنز ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں2 نئی بی ایس ایل تھری لیبارٹری بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی بی ایس ایل تھری لیبارٹریز ملتان اور رحیم یار خان میں بنائی جائیں گی‘ نئی لیبز بننے سے عوام کو کورونا ٹیسٹ کرانے کی مزید سہولت ملے گی۔ اجلاس میں کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھرتی کیے گئے کنسلٹنٹ کی مدت ملازمت میں توسیع کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔