کچہری حملہ کیس میں 2 ججوں پر ملزمان کے اعتراضات

23

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایف ایٹ کچہری حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت کے دونوں ججوں پر ملزمان کے اعتراضات پر وزارت قانون سے جواب طلب کرلیا۔ گزشتہ روز کیس کے ملزمان کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے‘ ملزمان کے وکیل کی طرف سے موقف اختیارکیا گیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس اور شاہ رخ ارجمند کیس کی انکوائری کا حصہ تھے‘ دونوں کو کیس کی سماعت سے روکا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ حملہ کیس کی سماعت اسلام آباد میں کسی دوسرے جج کی عدالت میں منتقل کی جائے۔ عدالت نے سماعت7 دسمبر تک ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ ایف ایٹ کچہری پر مارچ 2014ء میں حملہ کیا گیا تھا۔