دورہ نیوزی لینڈ: قومی اسکواڈ کے تیسرے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آگئے

177

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیسرے کورونا ٹیسٹ میں 46 اراکین میں سے 42 کے ٹیسٹ منفی آگئے.

نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کے مطابق نیوزی لینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیسرے کووڈ 19 ٹیسٹ کے رزلٹ آگئے ہیں، چھٹے روز لیے گئے قومی اسکواڈ کے 46 میں سے 42 ممبران کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں.

قومی اسکواڈ کے 3 ممبران کے نتائج مشتبہ طور پر ہسٹورک ہیں اور  ان کی جان پڑتال جاری جبکہ ایک کا نتیجہ آنا باقی ہے.

نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈ کو ٹریننگ کینٹربری ڈی ایچ بی میڈیکل افسر کی اجازت سے مشروط کی گئی ہے اس لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کو فی الحال ٹریننگ کی اجازت نہیں.

واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے 53 رکنی اسکواڈ کا کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں قومی ٹیم کے 6 ارکان کا کورونا مثبت آیا تھا.

قومی کھلاڑیوں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزی پر نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک اور کورونا ایس او پی کی خلاف ورزی کی تو پوری ٹیم کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا.

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور جن 6 ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں.