ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ کمانڈر مسلم شاہدان فضائی حملے میں جاں بحق ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عراق اور شام کے سرحدی علاقے میں نامعلوم جنگی طیاروں نے سینئر کمانڈر مسلم شاہدان اور ان کے ساتھیوں کو نشانہ بنایا۔
مسلم شاہدان دیر الزور صوبے میں ساتھیوں کے ہمراہ ایک گاؤں میں موجود تھے کہ ان نامعلوم جنگی طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈر جاں بحق ہوگئے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب تین روز قبل تہران میں ایٹمی سائنسدان محسن فخریزادہ کو حملے میں قتل کردیا گیا تھا اور ایران نے اس حملے کا ذمہ داران اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔
ایران اور لبنان کے مابین دیر الزور ایک اہم رابطہ ہے عراق اور اردن سے پائپ لائنز اور تجارتی راستے بھی اس صوبے سے گزرتے ہیں۔
اسد حکومت کی افواج کے لئے لڑنے والے ایران کی حمایت یافتہ غیر ملکی ملیشیاؤں کی اکثریت دیر الزور میں واقع ہے۔