مقامی عہدیدار کی بدعنوانیوں کیخلاف لکھنے پر صحافی کو زندہ جلادیا

187

بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک 37 سالہ صحافی اور اس کے دوست کے گھر گھُس کر تین افراد نے اُن پر سینیٹائزر چھڑک کر انہیں آگ لگا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے گاؤں کے نمبردار کے بیٹے سمیت تین حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

راکیش سنگھ نیربھک جو لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے ایک اخبار ‘راشٹریہ سوروپ’ میں بطور صحافی ہیں اپنے 34 سالہ دوست پنٹو ساہو کے ساتھ اخبار میں مذکورہ گاؤں کے نمبردار اور اُس کے بیٹے کی باہمی کرپشن کیخلاف لکھتے تھے۔

صحافی کو نذرِ آتش کرنے کا یہ واقعہ ریاستی دارالحکومت سے 160 کلومیٹر دور بلرام پور کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ صحافی کے دوست کی موقع پر ہی ہلاکت ہوچکی تھی جبکہ راکیش کو شدید تکلیف میں ہسپتال لایا گیا جہاں انہوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

مرنے سے پہلے صحافی نے اسپتال کے عہدیداروں کو بتایا کہ وہ مقامی گاؤں کے نمبردار اور اُن کے بیٹے کی بدعنوانیوں کیخلاف باقاعدگی سے لکھتے رہے ہیں اور سچائی ظاہر کرنے کی یہ قیمت چکانی پڑی ہے۔