وباء کی موجودگی میں کاروبار بھی جاری رکھنا ہوگا،آصف گلفام

78

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الائنس آف آرام باغ مارکیٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور آل کراچی تاجر الائنس کے صدر آصف گلفام نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے بہتری کے لیے ضروری ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں۔ گزشتہ روز تاجر رہنمائوں دلشاد بخاری ، عبدالقادر مستان اور دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کاروباری برادری سندھ حکومت کی انتہائی مشکور ہے کہ انہوں نے کورونا وباکے لیے لگائے جانے والے لاک ڈائون میں نرمی کرتے ہوئے کاروباری دورانیہ میں اضافہ کیا اور جمعہ کو بھی کاروباری سرگرمیاں بحال رکھنے کا اعلان کیا، جس سے کراچی کی کاروباری برادری سندھ حکومت کے اس اقدامات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔آصف گلفام نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر انتہائی غریب ملک ہے اور ملک کی بہت بڑی آبادی انتہائی غربت کی زندگی گزارتی ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ کورونا کے باوجود ملک میں ایسے اقدامات ہوں کہ غریب لوگوں کے روزگار کے وسائل میں کمی اور ان کی زندگی میں مشکلات میں اضافہ نہ ہو ۔آصف گلفام نے کہا کہ کورونا وبا کی پہلی لہر میں لاک ڈائون کی وجہ سے کاروباری افراد شدید مشکلات سے دوچار رہے او ر بڑی تعداد میں دکاندار دیوالہ ہوئے ہیں جس کے اثرات ابھی تک ختم نہیں ہوسکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری نے کورونا وبا کے دوران ایس او پی پر عمل درآمد کرنے کے خصوصی اقدامات کیے ہیں،انتظامیہ اور حکومت سے مکمل تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی ایس او پیز کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔