گیس کمپنیاں عوام کو لوٹنے کا سلسلہ بند کریں، کاشف شیخ

61

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے سوئی نادرن گیس کمپنی اور سوئی سدرن کمپنی کی جانب سے ٹیکسٹائل ملوں اور سی این جی اسٹیشنوں سے 50 ارب روپے کے بقایاجات وصول کرنے کے بجائے کمپنی کو خسارے میں ظاہر کرکے بقایاجات عوام سے وصول کرنے کی منصوبہ بندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور کاری ضرب قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ عوام کا
مسلسل استحصال کرنے والے موجودہ حکمران ہرگز صادق اور امین نہیں ہوسکتے،موجودہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے استحصالی ایجنڈے کی سب سے بڑی محافظ ہے، ایک جانب حکومت عوامی حقوق کے تحفظ اور ریلیف دینے کا ڈھنڈورا پیٹنے میں مصروف جبکہ اس کی ناک کے نیچے سرکاری محکمے عوام کی کھال اتارنے کے لیے نت نئے منصوبے بنانے اور مہنگائی کے مزید کوڑے برسانے کے لیے ہمہ وقت جوڑتوڑ میں مصروف ہیں۔ لوٹ کھسوٹ اور فراڈ پر مبنی یہ ناروا طرز عمل محض ایک ادارے کا نہیں بلکہ حکومتی تمام اداروں اور کرپٹ مافیا میں سرایت کرچکا ہے جس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ بے ایمانی اور بددیانت اشرافیہ کی وجہ سے آج وطن عزیز شدید مشکلات کا شکار اور بحیثیت قوم ہم پے درپے بحرانوں کی زد میں ہیں، آئی ایم ایف کے ایما پر بجلی ، گیس مہنگی اور بے جا ٹیکسز لاگو کرکے عام آدمی کو زندہ درگور کیا جارہا ہے،سوئی گیس کمپنیوں کی جانب سے عوام کو لوٹنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کی جوابدہی عمران خان اور پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات میں دینی ہوگی۔