نیب زدہ افسران کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر جج کاسماعت سے انکار

86

کراچی(نمائندہ جسارت)جسٹس شمس الدین عباسی نے نیب سے پلی بارگین کرکے سندھ میں اہم عہدوں پر افسران کی تعیناتی کیخلاف ایم کیو ایم کی درخواست کی سماعت سے انکار کردیا۔منگل کو جسٹس شمس الدین عباسی اور جسٹس عدنا ن اقبال چودھری پر مشتمل بینچ میں کرپشن کو تسلیم کرکے نیب سے پلی بارگین کرکے سندھ میں اہم عہدوں پر افسران کی تعیناتی کیخلاف
ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل کی درخواست کی سماعت ہوئی ۔ جسٹس شمس الدین عباسی نے درخواست کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے اسے متعلقہ بینچ کو بھیجنے کی ہدایت کردی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ نیب زدہ افسران کی تعیناتی غیر قانونی ہے اور 5 سو کے قریب نیب زدہ افسران کو سندھ میں اہم عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے،افسران نے کرپشن تسلیم کرکے سیکشن 25 کے تحت نیب سے پلی بارگین کی جبکہ عدالت عظمیٰ نے بھی ایسے افسران کو دوبارہ سرکاری عہدوں پر تعینات نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔لہٰذا استدعا ہے کہ تمام افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔