سراج الحق کا چولستان کے مسائل سینیٹ میں اٹھانے کا اعلان

175

بہاولپور: امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے چولستان کے مسائل ایوان بالا میں اٹھانے کا اعلان کردیا۔

چولستان میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ صحرائے چولستان کے 3 لاکھ لوگ آج بھی پانی سے محروم ہیں۔ گزشتہ 73 سالوں سے کسی بھی حکمران نے یہاں کے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چولستان کی زمینوں پر صرف چولستانیوں کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بہت جلد چولستان کے مسائل سینیٹ میں اٹھاؤں گا۔ آج سے میں چولستان اور چولستانیوں کا نمائندہ ہوں۔

سراج الحق نے کہا کہ “حکمران سنو! چولستان کے باسی صرف جینے کا حق مانگ رہے ہیں”۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک میں یکساں نظام زندگی کے لیے کوشاں ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مافیاز کی حکومت ہے۔ یہ جھوٹوں اور لٹیروں کا گروپ ہے۔ پی ٹی آئی نے مہنگائی اور لوٹ مار میں اضافہ کیا۔