کورونا:جرائم پیشہ نیٹ ورک کا جعلی ویکسین کا دھندا کرنے کا امکان

175

پیرس: عالمی سطح پر تمام ملکوں کی پولیس کے درمیان تعاون کی تنظیم انٹرپول نے وارننگ جاری کی ہے کہ جرائم پیشہ نیٹ ورک کورونا وائرس کی جعلی ویکسین کا دھندا شروع کر سکتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر پول نے فرانس میں قائم ہیڈ کوارٹر سے تمام 194 ممبرز ممالک کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خط ارسال کر دیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ہر ملک کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ویکسین فروخت کرنے والی کمپنیوں پر نظر رکھیں اور خاص طور پر آن لائن ویکسین کی فروخت کی کڑی نگرانی کی جائے۔

انٹر پول کا کہنا تھا کہ منظم جرائم پیشہ گروہ کورونا وائرس کی جعلی ویکسین کی فروخت کا دھندا شروع کر سکتا ہے، جس سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے،اس کو روکنے کے لیے ہر ملک قبل از وقت حفاظتی اقدامات کرلے۔

انٹرپول کا مزید کہنا تھا کہ  اب جبکہ مختلف ممالک نے ویکسین کے آرڈرز دینا شروع کر دیئے ہیں، ایسے میں  جرائم پیشہ افراد ویکسین کی رسد میں تعطل پیدا کر سکتے ہیں، جو جعلی ویب سائٹس کے ذریعے عوام کو دھوکہ دے کر جعلی ویکسین کی آن لائن فروخت کا مکروہ دھندا کر سکتے ہیں۔