وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ عمران خان کا اسلام آباد بند کرنے کا اعلان ملکی معیشت پر ڈرون حملہ ہوگا

79

بنوں( صباح نیوز)وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ عمران خان کا اسلام آباد بند کرنے کا اعلان ملکی معیشت پر ڈرون حملہ ہوگا۔ پہلے بھی126دن د ھرنے سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان اُٹھانا پڑا ۔ ملک کے اندر کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے، ملک کی سلامتی
اور قومی ایشوز پر ملت کی ترجمانی اولین ترجیح کے طور پر کریں گے، صوبے میں آنے والا دور علما کا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام کے وفد سے ملاقات اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈسٹرکٹ کونسل کے رکن کمال شاہ ،ملک نیاز علی،ڈاکٹر عمردراز ،منیر خان اور جمعیت یوتھ ونگ کے مرکزی رہنماقمر قریشی بھی موجود تھے۔اکرم خان درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ کرکے مودی کو خوش اور کشمیریوں کے خون سے غداری کی ہے،پی ٹی آئی کی قیادت اقتصادی راہداری پر خیبر پختونخوا حکومت اورعوام کو گمراہ کررہی ہے مگر حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائدین کے قول وفعل میں تضاد ہے اور ہر قومی اورعالمی ایشوز پر قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں جس سے عالمی دنیا میں پاکستان کو بدنامی کے سوا کچھ نہیں ملے گاجو پی ٹی آئی کی سیاست نہیں بلکہ مغربی قوتوں کو خوش کرنے کی ایک اور چال ہے۔ انہوں نے کہا کہ علما مغربی سوچ کا پرچار کرنے والوں کے لیے ڈھال ہیں جبکہ مغرب علما کو اپنی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد اور قومی سلامتی کے لیے پی ٹی آئی کے سوا تمام سیاسی جماعتیں ایک ہی صف پر ہیں مگر ہم عمران خان اور اُن کی کرکٹ ٹیم پر واضح کردیتے ہیں کہ وزیر اعظم بننے کے لیے کوئی شارٹ کاٹ راستہ نہیں مگر وہ میں نہ مانو کی پالیسی پر گامزن ہیں جو سیاسی ادب کے خلاف ہے۔