تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی میں شریک ہوں اور اگر وہ ری الیکشن کا فیصلہ کریں تو ہم فوج کی نگرانی میں کرانے کو تیار ہیں ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دوبارہ الیکشن ہوئے تو پی ٹی آئی سب سے زیادہ ووٹ لے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں انتخابی دھاندلی سے متعلق کل آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے تاکہ دھاندلی سے متعلق بات کی جاسکے اس لئے دھاندلی کے الزامات لگانے والے آئیں انہیں اعتماد میں لیں گے اور اگر فوج کی نگرانی میں بھی دوبارہ انتخابات کرانے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بے بنیاد ہے کیونکہ انتخابات الیکشن کمیشن کے تحت ہوئے ، صوبائی حکومت کا دھاندلی میں کوئی کردار نہیں ہے۔